واشنگٹن، 7/نومبر(ایس او نیوز/ ایجنسی)بدھ کے روز ہونے والے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی نے ویسٹ ورجینیا اور اوہایو ریاستوں میں ڈیموکریٹ پارٹی کو شکست دے دی ہے۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایوان نمائندگان میں کس جماعت کو اکثریت حاصل ہوئی ہے، لیکن فی الحال ریپبلکن پارٹی کو ایوان میں معمولی برتری حاصل ہے۔ امریکی چینلز NBC اور FOX نیوز کے مطابق، ریپبلکنز نے اوہایو ریاست سے وہ امریکی سینیٹ کی نشست جیت لی ہے جو پہلے ڈیموکریٹس کے پاس تھی۔
یہاں ریپبلکن بیرنی مورینو نے ڈیموکریٹ شیروڈ براؤن کو شکست دی جو 2007 سے اس منصب پر کام کر رہے تھے۔ویسٹ ورجینیا ریاست میں ریپبلکن جم جسٹس نے ڈیموکریٹ سینیٹر جو مانچن کی نشست پر گلین الیوٹ کو شکست دی۔ مانچن کو نئی مدت کے لیے امیدوار نامزد نہیں کیا گیا تھا۔امریکی سینیٹ میں اس وقت ڈیموکریٹس کو انتہائی معمولی برتری (51 نشستیں بمقابلہ 49 نشستیں) حاصل ہے۔ اب کسی بھی نشست کے ریپبلکن پارٹی کے پاس جانے کی صورت میں ڈیموکریٹس کی اکثریت خطرے میں پڑ جائے گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق فلسطینی نژاد راشدہ طلیب دوبارہ کانگریس کی رکن منتخب ہو گئیں، ڈیموکریٹس امیدوار راشدہ طلیب نے مشی گن کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔مسلمان امیدوار آندرے کارسن بھی کانگریس کے رکن منتخب ہو گئے، ڈیموکریٹس امیدوار آندرے کارسن انڈیانا سے نویں بار کامیاب ہوئے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الہان عمر منی سوٹا کی ففتھ ڈسٹرکٹ سیکامیاب ہوئیں،الہان عمر نے 76.37 فیصد ووٹ حاصل کیے۔